منڈگوڈ:11؍نومبر(ایس اؤ نیوز)پورے ملک میں عید میلاد النبی ؐ کے پروگرام، جلوس، جلسے وغیرہ منعقد کئے جارہے ہیں اسی طرح منڈگوڈ میں بھی میلادالنبی کے تعلق سے مختلف ناکوں پر مبارکبادی کے کٹ آؤٹ لگائے گئے ہیں، پیر کو جب پٹن پنچایت کے اہلکاروں نے ان کٹ آوٹ اور فلیکس کو نکالنے کی کوشش کی تو عوام نے سخت اعتراض کیا جس کے بعد مسلم لیڈران اورپنچایت آفسران کے درمیان زبانی جھڑپ شروع ہوگئی۔
بتایا جارہا ہے کہ یلاپور ودھان سبھاحلقہ کے ضمنی انتخابات کی وجہ سے پیر 11نومبر سے ہی انتخابی ضابطہ اخلاق لاگو ہوگیا ہے اس لئے تحصیلدار نے پنچایت حکام کو کٹ آوٹس اور بینرس وغیرہ کو نکالنے کا حکم دیا تھا۔مگر مسلم لیڈران کا اصرار کہنا ہے کہ میلادالنبی کے بینرس کسی بھی طرح سیاسی بینرس نہیں ہیں اس لئے ایسے مبارکبادی کے بینرس انتخابی ضابطہ اخلاق کے دائرے میں نہیں آتے۔ اہلکاروں اور مسلم لیڈران کے درمیان زبانی جھڑپوں سے کچھ دیر کے لئے حالات کشیدہ ہوگئے۔ اس دوران مقامی مسلمانوں نے منڈگوڈ پٹن پنچایت کے سامنے پہنچ کر افسران کی کارروائی کے خلاف احتجاج بھی کیا۔
معاملے کے تعلق سے اخبارنویسوں کے ذریعے پوچھے گئے سوال پر اترکنڑا ضلع ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ہریش کمار نے واضح کیا کہ مذہبی جلسوں وغیرہ کے لئے فلکس اور بینر لگائے گئے ہیں تو وہ انتخابی ضابطہ اخلاق کے دائرہ میں نہیں آتے ہیں ، البتہ اس طرح کے بینرس اور کٹ اوٹس وغیرہ لگانے سے پہلے انتظامیہ سے اجازت لینا ضروری ہے۔
